گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تھانہ کھیالی کے علاقہ میں محکمہ صحت کی خاتون ہیلتھ ورکر کو مبینہ طور پر ایک شخص نے تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگا رہی تھیں اس دوران بچوں کو ٹیکے لگانے کیلئے ایل ایچ وی طاہرہ نسیم نے ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹیا یا تو دروازہ کھولنے والا بااثر شخص طیش میں آگیا اور ایل ایچ وی طاہرہ نسیم کو برا بھلا کہنا شروع کر دیا جس پر خاتون ایل ایچ وی نے اسے سمجھانے کی کوشش کی کہ بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگوانا ضروری ہیں جس پر بااثر شخص وسیم نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا خاتون کی ساتھی ممبر کے شور مچانے پر لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے طاہرہ نسیم کو بااثر شخص سے چھڑایا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر کھیالی پولیس نے زخمی خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزم وسیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔