اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)وزارت انسداد منشیات کے زیراہتمام متعلقہ فریقوں کا قومی اجلاس ’’تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کی کوششوں میں استحکام ‘‘ کے عنوان سے سیکرٹری وزارت انسداد منشیات کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری عارف نواز خان نے شرکاء کا خیرمقدم کیا جبکہ سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید خالد گردیزی نے بریفنگ دی۔ اجلاس کا مقصد ایک قومی مشاورتی عمل کے ذریعے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لئے قومی حکمت عملی وضع کرنا تھا۔ اجلاس میں مختلف اہم اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جن میں ہر سطح کے تعلیمی مدارج کے لئے نصاب کی تیاری، متعلقہ فریقوں کے درمیان روابط کا موثر ملک گیر نظام، اساتذہ، طلبہ اور والدین کو ساتھ ملانے کے لئے رابطہ و رسائی کے پروگرام، سماجی شعبے میں اشتراک عمل اور آگاہی میں اضافہ، قوانین پر نظرثانی اور ان میں ترامیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ اداروں کے ذریعے ان کا موثر نفاذ قابل ذکر ہیں۔ شرکاء نے ان موضوعات پر اپنی آراء پیش کیں ۔ اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزارتوں، قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں اور محکموں کے علاوہ پنجاب، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔