دبئی(آئی این پی ) آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو)کے عہدیدار الیکس مارشل نے خطرناک حقیقت کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث اکثر بکیز بھارتی ہیں، سری لنکا میں مقامی اور بھارتی دونوں کرپٹ افراد موجود ہیں، دنیا کے دیگر اکثر علاقوں میں بکیز کی اکثریت بھارتیوں کی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس وقت سری لنکن کرکٹ کی جڑوں میں پیوست کرپشن کے حوالے سے تفتیش کر رہی ہے۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے حال میں مختصر طرز کی کرکٹ میں انگلینڈ اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرپشن میں ملوث متحرک افراد کے حوالے سے معلومات جاری کی تھیں۔آئی سی سی کے جنرل منیجر اے سی یو مارشل نے بکیز کے مقامی ہونے کے حوالے سے ایک سوال پر بتایاکہ سری لنکا میں مقامی اور بھارتی دونوں کرپٹ افراد موجود ہیں، دنیا کے دیگر اکثر علاقوں میں بکیز کی اکثریت بھارتیوں کی ہے۔مارشل کے انکشافات پاکستانی لیگ اسپنر دنیش کنیریا کی جانب سے بھارتی بک میکر انو بھٹ سے میچ فکس کرنے کے اعتراف کے بعد حیران کن نہیں ، یہاں تک کہ جب 2000 میں پہلی مرتبہ میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا تو کھلاڑیوں کے ارد گرد گھومنے والے کرپٹ بکیز کا تعلق بھی بھارت سے بتایا گیا تھا۔مارشل کے مطابق انگلینڈ اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کو بریفنگ کے دوران ہم نے کرکٹ میں متحرک کرپٹ افراد کے نام اور تصاویر دکھائیں جو سری لنکا میں اور دنیا میں کہیں اور دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو گھیرنے کی کوشش کررہے تھے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے اس وقت فعال کرپٹ افراد کے حوالے سے معلومات کھل کر دکھائی ہیں ہم نے ان کی تصاویر دکھائیں اور ان کی تفصیلات کے ساتھ نام بھی بتادئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے محسوس کیا کہ کھلاڑیوں کو معلومات دینے کیلئے یہ راستہ بہتر ہے، یہ عمل ٹیموں کی جانب سے نئی معلومات بہم پہنچانے کا باعث بن چکا ہے۔مارشل نے کہا کہ آئی سی سی اس وقت 12 سے 20 متحرک کرپٹ افراد کی نگرانی کررہی ہے ،6 افراد مشتبہ ہیں جن سے کھلاڑیوں کو ہوشیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں 6 افراد بھی دکھائے ، 12 سے 20 کرپٹ افراد انتہائی سرگرم ہیں جن کی ہم نگرانی کررہے ہیں جن کی تصاویر دکھائی گئی ہیں وہ سب مرد ہیں تاہم چند خواتین بھی بھی اس پورے عمل میں ملوث ہیں۔
کرکٹ میں کرپٹ ترین بکیز بھارتی ہیں ،سربراہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ
Oct 20, 2018