منہاج القرآن تجدید دین اور احیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک منہاج القرآن ضلع راولپنڈی کے ناظم ملک کوثر اعوان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری مادیت، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے اس دور میں روحانیت، امن اور اعتدال کے علمبردار ہیں۔ ان کی تحریک گزشتہ 38سالوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی فکری، نظریاتی، اعتقادی اور اخلاقی آبیاری کررہی ہے۔ دنیا کے 90ممالک میں تنظیمی نٹ ورک ہماری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ بلال پلازہ چاندنی چوک میں تحریک منہاج القرآن کے 38ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں تحریک اور اس کے ذیلی فورمز علماء کونسل، یوتھ لیگ، عوامی تحریک اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔ ملک کوثر اعوان نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں دین کے نام پر مذہب، مذہب کے نام پر مسلک اور مسلک کے نام پر نفرت پڑھائی جارہی ہے۔ مسلمان ذات، برادری، جماعت جیسے تعصبات کا شکار ہوکر اپنی وحدت کھورہے ہیں۔ قرآن کا پہلا حکم اقراء ہے جب تک امت علم پر توجہ دیتی رہی دنیا کی امامت اس کے ہاتھ تھی آج علم کے زور پر مغرب عالم اسلام کے وسائل پر قابض ہے۔ تحریک منہاج القرآن موجودہ صدی میں تجدید دین اور احیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی علم، امن اور محبت پر مبنی انقلابی فکر کو ایک ایک فرد تک پہنچانے کیلئے دن رات محنت کریں۔ ڈاکٹر صاحب میلاد کانفرنس کیلئے راولپنڈی تشریف لارہے ہیں۔ 17نومبر کو لیاقت باغ کی فضائیں درود و سلام سے گونج اٹھیں گی۔ تقریب کے آخر میں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن