نئی دہلی (اے پی پی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی الزام کے گرفتار کیے گئے تمام کشمیریوں کو رہا اور کشمیر میں تمام ذرائع مواصلات مکمل طو ر پر بحال کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت شاخ نے گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران جموں وکشمیر میں مختلف لوگو ں سے بات چیت کے بعد ایک پریس ریلیز میں کہا کہ کشمیر میں بھارتی محاصرہ تاحال جاری ہے اور سیاست دانوں، مختلف کارکنوں حتیٰ کہ بچوں سمیت اختلاف رائے رکھنے والے ہر شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گو کہ کچھ موبائل فون سروسز بحال کر دی گئی ہیں لیکن انٹرنیٹ سروس تاحال معطل ہے اور سڑکوںپر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چل رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مواصلات کی معطلی کے سبب طبی سہولیات تک رسائی بھی شدید طور پر متاثر ہے جبکہ اس سے پریس کی آزادی بھی سلب ہو چکی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ لوگوں نے ایمنسٹی کو یہ بھی بتایا کہ بھارتی فورسز گھروں پر چھاپو ں کے دوران جان بوجھ کرقیمتی گھریلو اشیا اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ اور مکینوں کو ڈرادھمکا رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مذکور ہ اہم اور بنیادی معلومات کی عدم فرہمی نظربند افراد کو حاصل’’ منصفانہ ٹرائل کے حق‘‘ کی سخت خلاف ورزی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بلا جواز گرفتاریوں سے لوگ انتہائی خوفزہ ہیں اور ڈر و خوف کی فضا کی وجہ سے بہت سے لوگ زہا ن کھولنے سے قاصر ہے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حراست میں لئے گئے افراد ، انکے وکلا ء طبی ماہرین، مقامی صحافیوں اور سیاسی رہنمائو ں سمیت 21لوگوں سے بات چیت کی۔دریںاثنا مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بھارتی محاصرہ اور ذرائع ابلاغ کی معطلی برقرار رہی جس کی وجہ سے لوگ بدستور شدید مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں۔دکانیں اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پرپبلک ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت معطل ہے۔ تمام سکول ، کالجز اور یونیورسٹیاں ویران ہیں کیونکہ والدین اپنے بچوں کی سلامتی کے حوالے سے لاحق پریشیانی کے سبب انہیں تعلیمی اداروں میں نہیں بھیج رہے۔
مقبوضہ کشمیر: لاک ڈائون جاری، بھارت گرفتار کشمیریوں کو رہا، ذرائع مواصلات بحال کرے: ایمنسٹی
Oct 20, 2019