پاکستان اور فلپائن کودہشتگردی کے خاتمے کیلئے دوطرفہ اشتراک بڑھانا ہوگا:سی سی پی او

Oct 20, 2019

لاہور(نمائندہ خصوصی)سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے پاکستان میں فلپائنی سفارتخانے کے پولیس اتاشی اور ڈرگ لائزن آفیسر کرنل مارلن ایس سپلا نے ملاقات کی جس میں دہشتگردی اور منشیات کی روک تھام میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے انسداد منشیات و دہشتگردی میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ سی سی پی او نے لاہور پولیس کی طرف سے جاری خصوصی انسداد منشیات مہم کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک تعلیمی اداروں کے قریبی علاقوں سے 517 منشیات فروش گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے۔ اس مہم کے دوران بالخصوص تعلیمی اداروں کے ارد گرد منشیات فروشوں کا قلع قمع کررہے ہیں۔ بی اے ناصر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان منشیات اور دہشتگردی کے خاتمے پر تعاون درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے تاہم دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے دوطرفہ اشتراک مزید بڑھانا ہوگا۔ اس موقع پر فلپائنی اتاشی مارلن ایس سپلا نے لاہور پولیس کی انسداد منشیات حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلپائن اور پاکستان منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں