ٹوکیو (اے پی پی) جاپان نے اقوام متحدہ میں ایک قرارداد کا مسودہ جمع کرایا ہے جس میں دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے عملی منصوبہ بھی شامل ہے۔قرارداد کا یہ مسودہ اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن میں پیش کیا گیا۔ جاپان نے اب تک مسلسل 26 سالوں سے اس قسم کی دستاویزات جمع کرائی ہیں اور گزشتہ 25 قراردادوں کے مسودوں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔قرار داد کے نئے مسودے میں چھ اقدامات شامل کیے گئے ہیں جو بقول جاپان کے بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر اٹھانے ہوں گے،ان میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے عمل کی تصدیق کرنا اور ایٹم بم کے متاثرین سے رابطے جیسے تعلیمی پروگراموں کو فروغ دینا شامل ہے۔مسودے میں جوہری ہتھیاروں سے مسلح ممالک اور دیگر کے درمیان مذاکرات کے انعقاد کے لیے لائحہ عمل وضع کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔