راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں محکمہ کسٹم کے اینٹی سمگلنگ سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے سمگل شدہ سامان کے 11 ٹرک پکڑ لئے۔ کسٹم حکام کے مطابق پکڑے گئے سمگل شدہ سامان کا تخمینہ 12 کروڑ روپے ہے۔ پولیس نے امپورٹڈ سگریٹ کے 5 اور سمگل کئے گئے کپڑوں کے تین ٹرک پکڑے۔ سمگلرز اور تاجروں کی جانب سے آپریشن پر سخت مزاحمت کی گئی۔ جس کے باعث پولس کو آپریشن روکنا پڑا۔ اینٹی سمگلنگ سکواڈ نے پولیس کے ہمراہ گنج منڈی کے علاقے میں 20 گھنٹے طویل ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ مزاحمت کے باعث اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر کسٹم حکام کو قریبی پلازہ میں گھنٹوں پناہ لینی پڑی۔ کسٹم حکام اور پولیس پر نہ صرف پتھراؤ کیا گیا بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔