اسلام آباد( این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے شہباز شریف کی جانب سے آئندہ حکومت ملنے کی صورت میں چھ ماہ میںمعیشت کو ترقی دینے کے دعوے کو مضحکہ خیزقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب آپ کی ’’تجربہ کاری ‘‘ سے پناہ مانگتے ہیں ،ضمنی انتخاب کے نتائج نئے انتخابات کامطالبہ کرنے والوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں ،گھات لگا کر ملکی ترقی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرنے والے ناکام اور نا مراد رہیں گے،مولانافضل الرحما ن کی ذاتی مفادات پر مبنی بھاری بھرکم سیاست ساری اپوزیشن کولے ڈوبے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کئی دہائیوں سے ملک کا خون چوسنے والے مافیاز کے خلاف نبرد آزما ہے ۔ عوام شہباز شریف سے سوال کرتے ہیں کہ ملک میں گزشتہ پانچ سال کس کی حکومت تھی کہ دوبارہ حکومت ملنے صورت میں چھ ماہ میں معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں۔
شہبازشریف کا 6 ماہ میں معیشت کی ترقی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے: ہمایوں اختر
Oct 20, 2019