لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اور سربلندی کیلئے تمام سیاسی و غیر سیاسی ادارے ایک کتاب کے ایک صفحے کی ایک سطر کے ایک لفظ پر اکٹھے ہیں آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کی وجہ سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج جو کہ بستر مرگ پر تھا اسے درست کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام ادارے اور حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد اور برٹش ائرویز کا پاکستان میں اپنی سروسز کا آغاز اس کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ وزریاعظم عمران خان پوری دنیا کے سامنے دہشتگردی اسلاموفوبیا اور ناموس رسالت سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مولانا اس وقت پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں جس کے جرنیلوں سے لیکر سپاہیوں تک قربانیوں کی بدولت آج ہمارے بچے سکولوں میں جاتے ہیں اور ہم پرسکون زندگی گزار رہے ہیں فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلح جتھوں کو ڈنڈا بردار فوج کی پریڈ اس وقت دنیا کے سامنے نکالی ہے جب فانشل ایکشن ٹاسک فورس پاکستان کو بلیک لسٹ سے نکالنے پر غور کر رہا تھا یہ وہی لسٹ ہے جس سے نکالے جانے کیلئے موجودہ حکومت نے وہ تمام پالیسیاں اور گورننس کا ماڈل اختیار کیا ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کا ایک سافٹ امیج لیکر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 14,15 اور 16 کے تحت مولانا فضل الرحمان ایک پر امن جلسہ کر سکتے ہیں لیکن آرٹیکل 256 کے تحت کسی مسلح جتھے کو ملک کا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔