بیجنگ(آئی این پی) چین میں 2005 میں وفات پانے والے اصلاح پرست رہنما کو 14 سال بعد سپرد خاک کردیا گیا۔چینی رہنما اور کمیونسٹ پارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری ژا ژیانگ کو 1989 میں احتجاجی طلبہ کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کے استعمال کی مخالفت پر پارٹی سے نکالا گیا تھا ۔جس کے بعد سے وہ اپنی وفات تک گھر میں نظر بند رہے جب کہ ان کا انتقال 2005 میں ہوا۔بی بی سی کے مطابق ژا ژیانگ کی آخری رسومات خاموشی سے ادا کی گئیں جن میں ان کی اہلیہ کے ساتھ کچھ لوگوں کو شرکت کی اجازت دی گئی۔چینی رہنما کی تدفین دارالحکومت بیجنگ کے نواحی علاقے میں کی گئی جس میں انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات تھے، تدفین میں صرف قریبی اہلخانہ شریک ہوئے جب کہ ان کے چاہنے والوں کو آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ژا ژیانگ کی بیٹی نے والد کی آخری رسومات کا عوامی سطح پر اعلان نہ ہونے پر معذرت کی اور کہا کہ ہمیں آخری وقت تک اس حوالے سے کچھ علم نہیں تھا۔بی بی سی کے مطابق ژا ژیانگ کو چین کے سابق سپریم لیڈر ڈینگ ژیاپنگ نے متعارف کرایا تھا جن کو ملک میں اقصادی اصلاحات اور چین کو بیرونی دنیا کیلئے کھولنے کیلئے کسی کی تلاش تھی۔ژا ژیانگ کو 1987 میں اس وقت کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا تھا تاہم جمہوری اصلاحات کیلئے احتجاج کرنے والے طلبہ اور شہریوں پر طاقت کا استعمال کرنے کے بجائے مذاکرات کی حمایت پر سپریم لیڈر ڈینگ نے انہیں حراست میں لینے کے احکامات دیے۔