اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد سے کوئی پریشانی نہیں اور وزیراعظم عمران خان اپنی ٹیم کے ساتھ کرپٹ مافیا کے احتساب سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن گوجرانوالہ میں لوگوں کو جمع کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، اس لئے حکومت پی ڈی ایم کے مظاہروں اور جلسوں سے خوفزدہ نہیں۔ ماضی میں ایک دوسرے کے دشمن تھے وہ اب قومی مفادات کے تحفظ اور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے بجائے اپنے ذاتی ایجنڈا کے لئے حکومت کے خلاف ایک ہوئے ہیں۔ قوم اپوزیشن کے ارادوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ کیونکہ قوم ان لوگوں کی حقیقت جانتی ہے اور اپوزیشن رہنماؤں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کرپٹ مافیا کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور وہ احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مسئلہ کشمیر اپوزیشن کے ایجنڈا میں شامل نہیں جس سے اْس کی اہم قومی امور سے غفلت عیاں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بیرونی ایجنڈے پر چلنے کے بجائے مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے اٹھانا چاہیے۔