ہنگری کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے قائل کرنا پڑے گا: بیلا فازیکاس

Oct 20, 2020

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے کہا ہے کہ خود غرض لوگ درخت نہیں لگاتے، یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو نہیں چاہتے کہ آنے والی نسلیں ان کے کسی کام سے مستفید ہو سکیں۔ ہنگری کے سفیر گذشتہ سہ پہر یہاں ای سیون کے گلشن فاطمہ گارڈن میں ہنگری کی طرف سے پاکستان کے بلین ٹری سونامی مہم کے تحت پودا لگانے کے بعد بات چیت کر رہے تھے۔ نوائے وقت کے استفسار پر ہنگری کے سفیر نے بتایا کہ ہنگری کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو انھیں قائل کرنا پڑے گا۔ سرمایہ کار سازگار ماحول دیکھ کر سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ ہنگری کی آئل کمپنی مول پاکستان میں آئل کے شعبہ میں پہلے ہی کام کر رہی ہے۔ مزید سرمایہ کار پاکستان میں تب سرمایہ کاری کریں گے جب وہ اپنے آپ کو اور اپنے سرمایہ کو محفوظ سمجھیں گے۔ ہنگری کے سفیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ پاکستان میں دوسری مرتبہ سفیر مقرر ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے میں 2005 میں بھی پاکستان میں سفیر تھا۔ 2005 میں میں نے پاکستان میں زلزلہ کی تباہ کاریاں دیکھیں۔ 

مزیدخبریں