بحرین، اسرائیل کے تجارتی، سکیورٹی تعاون سمیت7 معاہدے: پہلی اماراتی مسافر پرواز تل ابیب پہنچ گئی

منامہ‘ دبئی (این این آئی+ انٹرنیشنل ڈیسک) بحرین اور اسرائیل نے باضابطہ طور پر معمول کے تعلقات استوار کرنے کے بعد  مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق 7 معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور امریکا کا اعلی سطح کا وفد اتوار کو بحرین میں امن معاہدے کی رسمی تقریب میں شرکت کے لیے منامہ پہنچا تھا۔ بحرین اور اسرائیل کے درمیان سلامتی، تجارتی اور کاروباری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے لیے مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ  سودمند تعاون کا راستہ کھلا ہے، اس سے خطے میں امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔ اسرائیلی وزارت برائے نقل و حمل نے کہا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات آج ایک معاہدے پر دستخط کریں گے جس کے تحت اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے سے دبئی اور ابوظہبی کے درمیان ہر ہفتے 28 کمرشل پروازوں کی اجازت دی جا سکے گی۔ ادھر اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ہونے والے معاہدے کو مزید مضبوط کرتے ہوئے یو اے ای کی پہلی مسافر پرواز اسرائیلی شہر تل ابیب پہنچ گئی۔ امریکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اتحاد ائیر ویز نے اپنے بیان میں کہا کہ اتحاد ایئر ویز کی فلائٹ نمبر 9607 صبح 7 بجے کے بعد اسرائیل کے بین الاقوامی ایئرپورٹ بن گوریون ایئرپورٹ پہنچی۔ بیان میں کہا گیا کہ پیر کو ہی بوئنگ طیارہ 787 ڈریم لائنر اسرائیلی وفد اور سیاحوں کو لے کر ابوظہبی ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوگئی۔ اتحاد ائیر ویز کا مزید کہنا تھا کہ ایئرلائن مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مسافر پروازوں کے آغاز کا ارادہ رکھتی ہے اور وہ ایک عبرانی ویب سائٹ شروع کرنے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اتحاد ائیر ویز کا غیر نشان زدہ کارگو طیارہ کرونا کے خلاف جنگ میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے امداد لے کر تل ابیب پہنچا تھا۔

ای پیپر دی نیشن