اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی کابینہ کی سیاسی کمیٹی نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے میاں نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی اقدامات تیز تر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ کرپشن مقدمات کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی پر اپوزیشن کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اب کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ سیاسی کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی سرگرمیوں بالخصوص سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے گوجرانوالہ کے جلسہ سے خطاب کے حوالے گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ملکی تازہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ میاں نواز شریف کے خطاب کے حوالے سے مختلف قانونی اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا۔ اپوزیشن کے اداروں کیخلاف بیانیے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اور اہم اجلاس ہوا جس میں اشیاء ضروریہ گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ مہنگائی میں کمی اور اشیاء کی دستیاب کیلئے حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی۔ وزیراعظم کو صوبوں میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبر پی کے میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن کئے ہیں۔ پنجاب حکومت چند روز میں صوبے میں 196 سہولت بازار قائم کر رہی ہے۔ رواں ماہ ان بازاروں کی تعداد 350 کر دی جائے گی۔ سہولت بازاروں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 840 روپے کا ملے گا۔ سہولت بازاروں میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 420 روپے کا ملے گا۔ سہولت بازاروں میں چینی 85 روپے کلو ملے گی۔ لاہور میں 31 سہولت بازار قائم کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اور خیبر پی میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔ وہاڑی میں کارروائی کر کے 475 ٹن چینی اور 30 ہزار کلو گھی ضبط کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کہ کارروائی کے دوران گوداموں کے مالک گرفتار کئے جائیں۔ ملازمین کو کسی صورت تنگ نہ کیا جائے۔ خیبر پی کے میں سات روز کے دوران انتظامیہ نے 27 ہزار چھاپے مارے گئے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف 818 مقدمات درج کئے گئے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی مجھ سے زیادہ نہیں جانتا کہ پاکستان میں خیرات دینے کا کتنا جذبہ ہے۔ اسلام آباد میں کلین گرین انڈیکس انکریجمنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں رضا کارانہ خدمات کا بہت جذبہ ہے اور اس کا اندازہ اس وقت ہوا جب میں شوکت خانم کیلئے عوام میں نکلا انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی طاقت کا اندازہ ہی نہیں ہے اور عوام کی طاقت استعمال نہ کرنے کی بڑی وجہ حکومت اور عوام کے مابین گہری خلیج ہے۔ عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں صفائی کا بہتر نظام ہے لیکن پاکستان میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ کیونکہ ہم نے اپنے سامنے اداروں کو تباہ ہوتے دیکھا ہے۔ لاہور میں ترقی کے نام پر ستر فیصد درخت ختم کر دیئے گئے۔ لاہو ر میں آلودگی کا تناسب غیر معمولی بڑھ چکا ہے۔ کراچی شہر کی ساری گندگی سمندر میں ڈالی جا رہی ہے۔ ہر شاہراہ پر کچرا موجود ہے۔ کرونا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت تباہ ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کرونا کے باوجود ملکی حالات بہتر ہیں۔ فیصل آباد‘ کراچی‘ لاہور گوجرانوالہ میں کرونا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے۔ کرونا کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ جن اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز نے کام کیا ان کو مراعات دیں گے۔ صفائی کا خیال نہ رکھنے پر ڈپٹی کمشنر کو سزا ملنی چاہئے۔ سزا اور جزا کے نظام سے معاشرہ ترقی کرتا ہے۔
اپوزیشن کو اب رعایت نہیں ملے گی، قانون کی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹا جائے:عمران
Oct 20, 2020