اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)ریپڈ کمپیوٹ نے معروف مقامی اور عالمی اداروں کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا بینکنگ ریڈی کلائوڈ جاری کر دیا۔ قبل ازیں رواں ہفتہ پاکستان کے سب سے بڑے مقامی کلائوڈ سروس فراہم کرنے والے ادارے ریپڈ کمپیوٹ نے بینکاری کے شعبہ اور مالیاتی اداروں کے لئے خاص طور پر تیار کی گئی اپنی کلائوڈ سروسز کے رسمی اجرائکا اعلان کیا۔ کمپنی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر اداروں کی جانب سے تمام قانونی اور پالیسی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کی اعلیٰ ترین سطح اور مکمل خدمات کے ساتھ بینکنگ آپریشنز کے لئے مخصوص ڈیٹا سینٹرز قائم کئے ہیں۔ اسے ایک حقیقی بینکنگ کلائوڈ بنانے کے لئے بینکنگ سلوشنز کے معروف مقامی اور عالمی فراہم کنندگان کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے اور مقامی طور پر پلیٹ فارم بھی تیار کیا ہے جو بینکوں اور مالیاتی اداروں کے استعمال کے لئے تیار ہے۔ڈیٹا سیکورٹی اور رازداری پر اس کی توجہ کے ذریعے ریپڈ کمپیوٹ نے حساس ڈیٹا اور اہم معلومات کا سب سے محفوظ پلیٹ فارم ہونے کی وجہ سے شہرت حاصل کی ہے۔