حبکو6ارب مالیت کے سکوک بانڈ ز جاری کرے گا

Oct 20, 2020

کراچی (کامرس رپورٹر ) حب پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کمپنی کی جانب سے اسلامی شریعہ کمپلائنٹ سکوک بانڈ کا اجراء حتمی مراحل میں ہے، سکوک کے اجراء سے کمپنی کی اسلامی مالیاتی صنعت اور اسلامی فنانسنگ میں گہری دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ سکوک کے اجراء کیلئے ابتدائی طور پر پانچ سال کی مدت کیلئے 6ارب روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے جس کیلئے میزان بینک بطور شریعہ ایڈوائزر اور عارف حبیب لمیٹڈ مالیاتی اداروں، سرمایہ کار کمپنیوں اور دیگر اہل اداروں سے سبسکریپشن حاصل کرنے کیلئےبطور منتظم مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ سکوک سے جمع ہونے والی رقم کو کمپنی کی موجودہ سرمایہ کاری کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کمپنی کی جانب سے ترقی کی جارحانہ منصوبہ بندی اور کمپنی کے حصص میں اضافہ پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ حبکو،تھرمل انرجی، متبادل انرجی اور واٹر ٹریٹمنٹ کے کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ کمپنی کی حب، نارووال اورآزاد کشمیر میں اپنے چار پلانٹس کیساتھ موجودہ پیداواری صلاحیت 2920میگا واٹس ہے۔ کمپنی پاکستان کی واحد کمپنی جس کے چار منصوبے حب میں واقع کوئلے سے چلنے والا چائنا پاور حب جنریشن کمپنی، تھر انرجی لمیٹڈ، تھل نووا پاور تھر لمیٹڈاور تھر بلاک IIمیں واقع سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی سی پیک میں شامل ہیں۔ تھر بلاک IIمیں واقع 330میگا واٹ کے دونوں پاور پلانٹس نے کامیابی سے فنانشل کلوز حاصل کرلیا ہے اور توقع ہے دونوں پلانٹس 2021اور2022میں کمرشل آپریشن شروع کردیں گے۔توانائی کیلئے ایندھن کا مقامی ذریعہ ہونے کے ناطے تھر کول میں بجلی کی پیداوار اور کان کنی کے منصوبوں سے توقع کی جارہی ہے کہ یہ منصوبے ملک کی توانائی کے تحفظ کویقینی بنائیں گے اور ان سے زرِ مبادلہ میں خاطر خواہ بچت ہوگی۔کمپنی اپنے پلانٹس کے قریبی علاقوں میں صحت، تعلیم، روزگار، انفرااسٹرکچر کے شعبوں اورسماجی ترقی کے پروگراموں میں بھی سرگرم ہے۔

مزیدخبریں