کراچی ( نیوز رپورٹر ) سرکاردوعالم ﷺ کا جشن ولادت مناناہمارے ایمان کا حصہ ہے، عاشقان رسولﷺ بھرپورجشن عیدمیلادالنبی ﷺ منائیں۔ یہ بات جگر گوشہء قائدملت اسلامیہ،چیئرمین ورلڈ اسلامک مشن اور ممتازعالم دین صاحبزادہ علامہ شاہ محمدانس نورانی صدیقی نے جامع مسجد امام شاہ احمدنورانیؒ سرجانی میںجامعہ رضویہ تعلیمات اسلامیہ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ عرس اعلیٰ حضرت واستقبال ربیع الاول کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کانفرنس سے میزبان ممتاز عالم دین رہنماجمعیت علمائے پاکستان علامہ ایوب الرحمان اوکاڑوی،علامہ عبدالمصطفیٰ، صاحبزادہ عطاء المصطفیٰ اوکاڑوی، علامہ رضاء المصطفیٰ اوکاڑوی،علامہ ڈاکٹرشعیب قادری، پروفیسرڈاکٹرفیاض احمدشاہین ، مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ علامہ صاحبزادہ محمدزبیر ہزاروی، پیر عبدالرشیدتونسوی، علامہ شبیر حقانی، مفتی غلام نبی ہزاروی،علامہ حفیظ اللہ صدیقی، قاری شمیم الدین، محمدعلی قریشی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔علامہ شاہ محمدانس نورانی نے کہاکہ قرآن پڑھنے اور پڑھانے والے اللہ کے انعام یافتہ لوگ ہیں،وہ جگہیں جہاں قال اللہ وقال الرسول کی صدائیں گونجتی ہیں انتہائی بابرکت ہیں،معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور نئی نسل کی بہترین تربیت کے لئے مدارس کا قیام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ نے قوم کی صحیح سمت رہنمائی فرمائی، ان کی پیش گوئی کے مطابق موجودہ صدی غلبہء اسلام کی صدی ثابت ہوگی، دنیابھر میں اسلام کی تاثیر پذیری اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ علامہ شاہ انس نورانی نے پوری امت مسلمہ جشن ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وجہ تخلیق کائنات کی دنیامیں تشریف آوری کا جشن مناناشرک کی نفی اوراللہ کی وحدانیت کا اقرارہے ،حضوراکرم ﷺ کی دنیامیں تشریف آوری سے ظلمتوں کا خاتمہ ہوااور انسانیت کو معراج حاصل ہوئی۔
سرکار دو عالم کا جشن ولادت منانا ایمانکا حصہ ہے۔شاہ انس نورانی
Oct 20, 2020