پاکستان سمیت ملک بھر میں جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بارہ ربیع الاول کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ ملک بھر میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے سینکڑوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے، محافلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا ۔
جشن ولادت رسولﷺ کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ میلاد النبیﷺ کے موقع پر مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائی گئیں۔اس موقع پرعاشقان رسولﷺ کی جانب سے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺسے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے محافل میلاد منقعد کی گئیں جن میں پیغمبراکرم ﷺ کی شان بیان کی گئی جبکہ جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بندوبست بھی کیا گیا۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جہاں جماعت اہلسنت کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلوس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ موبائل سروس بھی معطل رہی ۔
راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور،ملتان سمیت چھوٹے بڑے شہروںمیں بھی متعد د جلوس برآمد ہوئے اور شرکاء ہاتھوں میں جھنڈے اٹھائے درودو سلام پڑھتےجلوس کے راستوں پر گامزن رہے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ میں جشن عید میلادالنبی انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ رات ہوتے ہی سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر بھرپور چراغاں کیا گیا ہےجبکہ گھروں ،گلی محلوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔عید میلاد النبی کے سلسلہ میں عاشقان رسول کی جانب سے کیک بھی کاٹا گیااور جشن عید میلاد النبی پر ہر شہری مختلف انداز میں سرور کائنات سے محبت کا اظہار کیا گیا۔
علاوہ ازیں جہلم، راجن پور، بہاولپور، بہاول نگر، کمالیہ، بورے والا، وہاڑی، میاں چنوں، حافظ آباد اور منڈی بہا الدین سمیت پنجاب بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔سکھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس درگاہ شیخ شہین روڈ سے نکالا گیا جبکہ حیدر آباد میں مختلف مقامات سے جشن عید میلادالنبیﷺ کے جلوس نکالےگئے۔