امریکا میں مسافر بردار طیارہ پرواز بھرتے ہی گر گیا اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر بحفاظت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے ہیوسٹن ائیرپورٹ سے ایم ڈی 87 طیارے نے پرواز بھری ہی تھی کہ 500 فٹ کی بلندی پر تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث قریبی کھیت میں لینڈنگ کی کوشش کے دوران زمین سے ٹکرا گیا۔زمین پر گرنے کے بعد طیارے میں دو زوردار دھماکوں کی آواز سنی گئی اور پچھلے حصے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ طیارے کے عملے نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مسافروں کو طیارے سے بحفاظت نکال دیا۔خوش قسمتی سے عملے کے 3 ارکان سمیت 21 مسافر حادثے میں محفوظ رہے۔ دو مسافر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ایوی ایشن نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔چارٹر طیارے کی منزل بوسٹن تھی۔