سیاسی دجال سا زش کر رہا ، سلیکٹڈ کو شکست دلانے پر کا رکنوں کو سرخ سلام : بلاول 


کراچی (نیوز رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے ملیر میں جلسہ سے خطاب میں کہا ہے کہ ملیر کے عوام نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا۔ ملیر کے عوام نے ہر دور میں آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ آپ نے سلیکٹڈ‘ ناجائز اور نااہل کا مقابلہ کیا۔ تاریخی شکست دلائی۔ ہم جانتے ہیں جمہوری جدوجہد کیسے کی جاتی ہے۔ ہم اپنا حق چھین کر لیتے ہیں۔ سلیکٹڈ کی نالائقیوں کا نقصان صرف ملیر نہیں‘ پورے ملک نے برداشت کیا۔ مل کر پورے پاکستان کے لوگوں کی خدمت کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ کے ووٹ پر 2018ء میں بھی ڈاکہ ڈالا گیا تھا۔ ملیر کے  نوجوان اور خواتین نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا۔ عبدالحکیم بلوچ کو جتوا کر پورے پاکستان کو دکھا دیا۔ کل بھی بھٹو زندہ تھا‘ آج بھی بھٹو زندہ ہے۔ ملیر کے عوام نے ہر دور میں آمر  اور فرعون کا مقابلہ کیا ہے۔ ضیاء اور مشرف کا مقابلہ کیا اب عمران کو تاریخی شکست دلوائی۔ آپ کے ووٹ پر 2018ء میں ڈاکہ مارا گیا تھا تاکہ نالائق کو وزیراعظم بنایا جائے۔ تمام اتحادیوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور سلیکٹڈ کو شکست دی۔ یہ ایک جھوٹا اور منافق آدمی ہے۔ یہ سمجھتا ہے لوگ اس کی نااہلی کو بھول جائیں گے‘ لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ آج بھی اس کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔ یہ پہلے بھی  سلیکٹڈ  تھا اب ایک مرتبہ پھر کوشش کر رہا ہے کہ سلیکٹڈ  ہو جائے۔ سلیکٹڈ نے لاکھوں گھر بنانے کا وعدہ کیا۔ حکومت میں  آکر غریبوں کے گھر چھینے۔ ہم آپ کے دکھ میں شریک ہونگے۔  آپ کی خوشی میں شریک ہونگے۔ تبدیلی کا نعرہ تبدیلی نہیں‘ تباہی ہے۔ عمران کی سیاست نفرت اور ملک توڑنے کی سیاست ہے۔ عمران جیسے سیاستدانوں کو ہم ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے۔ وقت آگیا ہے عمران ’’منی گالا‘‘ میں بیٹھ کر مزے کرے اور پاکستان کی سیاست چھوڑ دے۔ عوام کے خلاف ایک سیاسی دجال سازش کر رہا ہے۔ ہمیں اس کی باتوں میں نہیں آنا چاہئے۔ اب کہتا ہے میرے پاس اختیار نہیں تھا۔  ہم کہتے تھے یہ سلیکٹڈ تھا‘ اس کی ڈور کہیں اور سے ہلتی ہیں تو نہیں مانتا۔ اختیار نہیں تھا تو استثنیٰ دینا چاہئے تھا۔ یہ اپنا کچن شوکت خانم سے چلاتا ہے۔ پاکستان کے عوام اس کا جھوٹ جان چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن