اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ پہ سیاست کرنے والے کے شر سے قومی مفادات نہیں بچ سکے۔ دوسری طرف پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم نامزد ہونے پر سعودی سفیر کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں میڈیا اور فلم ڈراموں کے شعبوں میں جاری تعاون کو مزید تیز کرنے پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سعودی حکومت پاکستان میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی صحافیوں کے بارے میں گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست پہ سیاست کرنے والے کے شر سے قومی مفادات،ادارے اور شہدا نہ بچ سکے۔