شہرکوامن کا گہوارہ بنانے میں علما ءکا کلیدی کردار :غلام محمود ڈوگر


لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر سے گزشتہ روزشیعہ علما کونسل کے وفد نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔شیعہ علما کونسل لاہور کے صدر قاسم علی قاسمی نے وفد کی قیادت کی۔شیعہ علما کونسل کے ارکان نے سی سی پی او لاہور کو محرم الحرام اور ربیع الاوّل کے مذہبی پروگراموں کے پرامن انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔شیعہ علما کونسل نے غلام محمود ڈوگر کی مختلف مکاتب فکر کے علما کرام اور کمیونٹی لیڈرز کو متحد رکھنے کی کوششوں کےلئے بے حد سراہا۔شیعہ علما کونسل کے وفد نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ اور امن و امان یقینی بنانے کےلئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قومی امن ایوارڈ شیلد پیش کی۔شیعہ علما کونسل کے ارکان نے ڈی ایس پی انٹیلی جنس ریحان جمال کو بھی اعزازی شیلڈ سے نوازا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ شہر لاہور کو امن کا گہوارہ بنانے میں تمام مسالک کے علما کرام کا کلیدی کردار ہے۔


لاہور پولیس لا اینڈ آرڈر صورتحال برقرار رکھنے اور معاشرتی اصلاح کےلئے تمام مسالک کے علما کرام و مشائخ عظام، امن کمیٹیوں کے ارکان کی موثر کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔شیعہ علما کونسل کے صدر قاسم علی قاسمی و دیگر شیعہ اکابرین نے بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ میں لاہور پولیس خاص طور پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی کارکردگی کو سراہا اور امن کےلئے آئندہ بھی لاہور پولیس کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر دی نیشن