لاہور(سپورٹس رپورٹر) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان اور افغانستان کا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا،155 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز میں 2.2اوورز میں19رنز بنائے تھے جس کے بعد بارش کے باعث میچ روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس کے باعث امپائر کو میچ ختم کرنا پڑا،برسبین میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے6وکٹوںپر 154رنز بنائے۔شاہین شاہ آفریدی 2وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے،رحمان اللہ گرباز کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا ، جس کے بعد حضرت اللہ زازئی کو صرف 9ہی رنز پر پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوگئے۔افغانستان کی تیسری وکٹ فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف لینے میں کامیاب ہوگئے ، درویش 7رنز پر حارث کی گیند پر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے‘چوتھی وکٹ محمد نواز نے لی اور نجیب اللہ کو 6 رنز پر واپسی کی راہ دکھائی‘ حارث روف اور نائب کپتان شاداب خان نے بھی ایک ایک وکٹ لی، کپتان محمد نبی 51اور عثمان غنی نے 32رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ برسبین میں جاری مسلسل بارش کے باعث بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ جبکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ شروع ہی نہ ہوسکا۔آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے ساتویں میچ میں آئرلینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دےدی۔ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں 177 رنز کا ہدف آئرلینڈ نے 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ کرٹس کیمفر 72 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔لورکین ٹکر 20، اینڈی بالبرنی اور ہیری ٹیکٹر نے 14،14رنز بنائے۔سکاٹ لینڈ کے مارٹ واٹ، براڈ ویئل، سفیان شریف اور مائیکل لیسک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 176 رنز بنائے تھے۔آٹھویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 31 رنز سے شکست دیکر پہلی فتح سمیٹ لی۔گیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور7 وکٹوں پر 153 رنز بنائے، جانسن چارلس نے 36 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ کائل میئرز 13، ایون لیوس 15، کپتان نکولس پورن 9، رومن پوویل 28، شمارا پروکس 0، جیسن ہولڈر 4 جبکہ عقیل حسین رنز بناکر نمایاں رہے۔ سکندر رضا 3، بلیسنگ مزاربانی 2 جبکہ شان ولیمز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی جانب سے ویسلی مدھویرے 27، ریگیس چکابوا 13، ٹونی مونیونگا 2، کپتان شان ولیمز 1 جبکہ سکندر رضا 14، ریان برل 18 رنز بناسکے۔ لیوک جونگوے نے میچ کے اختتامی لمحات میں 29 رنز بناکر ٹارگٹ تک پہنچنے کی کوشش کی تاہم ناکام رہے۔ الزاری جوزف نے 4، جیسن ہولڈر نے 3 جبکہ عقیل حسین اور اوڈین سمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔الزاری جوزف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ کالی آندھی کو پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی ۔ فتح سے اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار ہیں ۔
بنگلہ دیش ‘ جنوبی افریقہ ‘ بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ بھی بارش کی نذر‘پہلے راﺅنڈ کے ساتویں میچ میں آئرلینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 6وکٹوں سے ہرا دیا
Oct 20, 2022