متاثرین کیلئے بیت الخلاءتعمیر اور سہولتیں فراہم کی جائیں‘ ڈی سی بدین


بدین (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کی زیر صدارت گزشتہ رات ڈی سی کیمپ آفس میں سیلاب و بارش متاثرین کی خیمہ بستیوں کو فراہم کی جائے والی سہولیات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نجیب الرحمن جمالی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین شیر محمد نہڑیو، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبد الغفار کھوسو، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین نے متعلقہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپس اور موبائل ٹیمیں کو مزید متحرک بنایا جائے اور خیمہ بستیوں میں بچوں اور حاملہ خواتین کی خوراک اور صحت کا خاص خیال رکھا جائے اور صحت کی تمام مطلوبہ سہولیات یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت دی کہ پنگریو اور خیمہ بستیوں کے قریب آر او پلانٹس لگائے جائے تاکہ متاثرین کو وافر مقدار میں پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آسکے جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی سہولت کے لیے سولر پینلز نصب کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ متاثرین کو فراہم کیے جانے والے پکے ہوئے کھانے کے معیار کا خیال رکھا جائے اور کھانے کے معیار کی چیکنگ کی جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت دی کہ خیمہ بستیوں کے قرب وجوار میں صفائی ستھرائی اور واش رومز کی سہولت کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ متاثرین کی خیمہ بستیوں میں مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے فیومگیشن اسپرے بھی کروایا جائے تاکہ ملیریا جسی بیماریوں سے بچا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن