کوٹ ادو (خبرنگار‘ نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ حکومت نے نئے ضلع کوٹ ادو کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے اور اس کو باقاعدہ فعال کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او مظفرگڑھ کو اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ رفتہ رفتہ ضلع کے دیگرمحکموں کے افسران کو بھی ضلع کوٹ ادو کا اضافی چارج دے دیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ضلعی محکموں کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن افسران کو چارج دے دیا جائے وہ فوری طور پر کوٹ ادو ضلع میں اپنے ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ ادو میں موجود تحصیل دفاتر کو ضلعی دفاتر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر تمام تحصیل دفاتر پر ضلعی دفاتر کے بورڈ آویزاں کردئیے جائیں۔ ضلع مظفرگڑھ کے تمام آفیسر ہفتے کے 2دن ضلع کوٹ ادو میں کام کریں گے۔ ضلع کوٹ ادو میں مستقل دفاتر کا قیام اور عملے کی تعیناتی کیلئے تمام محکمہ جات اپنا اپنا پلان تیار کرکے ارسال کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، سی او صحت ڈاکٹر امیر بخش، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکرم، ڈی او بہبود آبادی فرزانہ کوثر سمیت ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔