سری نگر (کے پی آئی‘ این این این) بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں زیرحراست ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ نوجوان عمران بشیر کو بھارتی فوج نے منگل کے روز ضلع شوپیاں سے گرفتار کرنے کے بعد ضلع کے علاقے نوگام میں حراست کے دوران شہید کر دیا جبکہ سوشل میڈیا صارفین کے خلاف بھی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے چھاپہ مار مہم شروع کر دی ہے۔ ایس آئی اے نے ماگام علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ غیر قانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے پولیس کے سب انسپکٹر بھرتی سکینڈل کے سلسلے میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک سینئر افسر کو گرفتار کیا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے ایوارڈ یافتہ کشمیری فوٹوگرافر ثناء ارشاد متو کو امریکہ جانے سے روک دیا۔ ایوارڈ یافتہ فوٹوگرافر ثناء ارشاد متو پولیٹزر ایوارڈ وصول کرنے کیلئے نئی دہلی سے نیویارک جانا چاہتی تھیں۔ امریکہ کا ویزا اور ایئرلائن کا ٹکٹ ہونے کے باوجود ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا اور بیرون ملک سفری پابندی کی وجہ بھی نہیں بتائی۔
کشمیر