چاغی (اے پی پی ) ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ نے تفتان کا دورہ کرکے ترقیاتی سکیموں پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اپنے دورے میں گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول، بی ایچ یو سینٹر، ایف آئی اے امیگریشن اور پاکستان ہاؤس کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی رحمت اللہ محمد حسنی، اسسٹنٹ کمشنر عبد الباسط بزدار، رسالدار میجر اکبر خان سنجرانی، رسالدار لیویز جاوید عیسیٰ زئی، پی آر او منیر احمد و دیگر تھے۔ گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول تفتان کے دورے کے دوران انچارج محمد زاکر سنجرانی نے سکول کے متعلق ڈپٹی کمشنر چاغی کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر چاغی نے سکول میں سٹاف کی کمی پر افسوس کا اظہار کیا اور اس مسئلے کو حل کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چاغی نے طلباء سے سوالات پوچھے اور صحیح جوابات پر طلباء کو داد و تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بی ایچ یو تفتان کا بھی دورہ کرکے وہاں موجود صحت کے سہولیات کا جائزہ لیا۔