گوجرانوالہ:سنوکر کلب جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ ، منشیات کا استعمال عروج پر 


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)شہر بھر کے مختلف علاقوں میں قائم سنوکر کلبوں میں تفریحی ماحول ہونے کی بجائے جواء اور منشیات کا استعمال عروج پر پہنچ گیا ، جرائم پیشہ افراد کیلئے سنوکر کلب محفوظ آماجگاہ بن گئے ،پو لیس کا کلب مالکان سے مبینہ طور پر ’’منتھلیاں‘‘ لینے کا انکشاف ، بچوں کا روشن مستقبل برائی کے اندھیرے میں ڈوبتا ہوا دیکھ کر والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، تفصیلات کے مطابق شہر بھر اور گردو نواح کے مختلف علاقوں سیٹلائٹ ٹائون، وحدت کالونی ، فرید ٹائون، ماڈل ٹائون، کشمیر روڈ ، پیپلز کالونی، نوشہرہ روڈ، شاہین آباد، گرجاکھ دھلے سمیت جگہ جگہ گلی محلوں میں سینکڑوں کی تعداد میں سنوکر کلب کھلے ہوئے ہیں جہاں پر نوجوان تفریحی ماحول کی بجائے سرعام سگریٹ نوشی، منشیات پینے کے ساتھ شرطیں لگا کر برائی کی دلدل میں دہنستے جا رہے ہیں اور کلب مالکان کھلاڑیوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں سے منع کرنے کی بجائے شرطوں سے اپنا حصہ وصول کر کے ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے ، ان سنوکر کلبوں میں دن بھر نوجوانوں کا رش لگا رہتا ہے ، بلند آواز میں لگے گانوں اور کھلاڑیوں کی غلیز گفتگو سے قریبی رہائشیوں کی زندگی بھی اجیرن ہو کر رہ گئی  ، تفریحی ماحول کی آڑ میں قائم سنوکر کلبوں میں سٹوڈنٹس طبقے کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملتی ہے جو کالجوں ، سکولوں اور ٹیوشن سنٹروں میں پڑھائی کیلئے جانے کی بجائے ہاتھوں میں کتابیں تھامے ادھر کا رخ کرتے ہیں ، جبکہ آئے روز کلبوں میں نوجوانوں کے آپس میں لڑائی جھگڑے کے بھی بے شمار واقعات سامنے آچکے ، پو لیس ان کلبوں کیخلاف قانونی کاروائی  نہیں کرتی۔کرنے کی بجائے ان سے مبینہ طور پر ’’ منتھلیاں‘‘ لیکر انکی سرپرستی کر رہی ہے ۔ شہریوں نے اعلی پو لیس حکام سے اپیل کی ہے کہ ان سنوکر کلبوں اور انکی سرپرستی کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ 

ای پیپر دی نیشن