گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)پنجاب کے 14منتخب اضلاع میں 24سے 28اکتوبر تک کی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 18 لاکھ سے زائد کم سن بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے کم و بیش 98ہزار ملازمین فرائض سرانجام دیں گے اس سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ہدایت کی کہ اس قومی ٹاسک کو پوری ذمہ داری سے سر انجام دے کر پو لیو کے سو فیصد خاتمہ کی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے ،ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ غلام فرید،ڈی ایچ او ڈاکٹر صوفیہ بلال، اسسٹنٹ کمشنر جنرل تنویر یٰسین بھی شریک ہوئے اجلاس کو بتایا گیاکہ گزشتہ سال سے لیکر اب تک پنجاب بھر میں پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم ملک بھر میں گزشتہ سال پولیو کا ایک جبکہ رواں سال بیس کیس رپورٹ ہو چکے اور اس صورت حال کے پیش نظر ملکی سطح پر اہم اور سنجیدہ اقدامات کے ساتھ ہماری بھی قومی ذمہ داری ہے کہ ہم انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے کے لیے 85ہزار 193موبائل، 4ہزار 833فکسڈ اور 2ہزار 614ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں کمشنر نے صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کو یقین دہانی کرائی کہ سیالکوٹ میں اس مہم کی کامیابی کے لیے پوری ذمہ داری اور فرض شناسی سے کام کیا جائے گا اور ٹیموں کی کڑی مانٹیرنگ کی جائے گی ۔
پو لیو کے سو فیصد خاتمہ کی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے:ڈاکٹر اختر، عبداللہ سنبل
Oct 20, 2022