کراچی (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سٹاک ایکسچینج پی ایس ایکس کا بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 933.68 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 6 سال بعد 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔ آخری بار سٹاک مارکیٹ مئی 2017ءمیں 50 ہزار 592 پوائٹس پر بند ہوا تھا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو زبردست تیزی رونما ہوئی اور مارکیٹ 50ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گئی جبکہ کے ایس ای 100انڈیکس میں 933.68 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے انڈیکس پوائنٹس بڑھ کر 50365.15 پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 22 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 73کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ جبکہ 70.63 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا۔ مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکیج ہاﺅسز نے توانائی، ٹیلی کام، پٹرولیم، آئل اینڈ گیس سمیت دیگر شعبوں میںسرمایہ کاری کو ترجیح دی۔ اسی طرح 375.82 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 16910.24پوائنٹس سے بڑھ کر 17286.05 پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 33050.88 پوائنٹس سے بڑھ کر 33626.52 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 22ارب 63کروڑ 63لاکھ 56ہزار 289 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 72کھرب 42ارب 82کروڑ 85لاکھ 87ہزار 96روپے سے بڑھ کر 73کھرب 65ارب 46کروڑ 49لاکھ 43ہزار 385روپے ہو گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 14ارب روپے مالیت کے 42کروڑ 74لاکھ 76ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 8ارب روپے مالیت کے 33کروڑ 26لاکھ 6ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ ادھر ایک تولہ سونے کے نرخ بالترتیب 200روپے کی کمی سے 2لاکھ 6 ہزار 300 روپے ہو گئے جبکہ 10گرام سونے کے بھاو¿ 171روپے کی کمی سے ایک لاکھ76 ہزار869 رہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 13 ڈالر بڑھنے کے بعد ایک ہزار 1972 ڈالر ہوگئی۔ فی تولہ چاندی کے دام 2550 روپے پر مستحکم رہے۔ دوسری طرف دو روز بعد روپے کی قدر میں بحالی کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا۔ انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت میں 1.48 روپے کمی کے ساتھ 280.29 سے کم ہوکر 278.81 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ایک روپے گھٹ کر 279 روپے رہ گئی ۔