پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن، غیر قانونی مقیم افراد کے پاس 12 دن باقی 

اسلام آباد (آئی این پی ) غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کیلئے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہونے میں 12 دن باقی ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنا ہوگا۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندے اگر 31 اکتوبر تک ملک نہیں چھوڑتے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی گرفتاریوں اور ملک بدری کو یقینی بنائیں گے۔ حکومت نے معیشت کی بحالی کے پیش نظر افغان باشندوں کو یکم اکتوبر کو ملک چھوڑنے کا تحریری حکم جاری کیا تھا، حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی افغان باشندوں کو انخلا کیلئے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی۔ 18 اکتوبر کو 3 ہزار 76 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے جن میں 601 مرد، 494 خواتین اور 1981 بچے شامل تھے، اس عمل کیلئے 38 گاڑیوں میں 150 خاندان اپنے وطن واپس پہنچے۔ روزانہ کی بنیاد پر پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے بذریعہ طور خم بارڈر اور چمن بارڈر واپس جا رہے ہیں، اب تک کل 48 ہزار 508 افغان پناہ گزینوں کی واپسی ہوچکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان شہریوں کا رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپسی کا فیصلہ خوش آئند ہے، افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی خطے پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن