عالمی برادری اسرائیلی بربریت کو  روکے: مصری ‘سعودی فٹبالرز

Oct 20, 2023

لاہور (سپورٹس ڈیسک) مصر کے سٹار فٹبالر محمد صلاح نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے حق میں انتہائی جذباتی ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں بات کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ حماس کے حملوں کے بعد غزہ پر شروع کی گئی اسرائیلی بربریت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں بہت تشدد ہے اور اس میں بے انتہا بربریت ہے۔ حالیہ ہفتوں میں (اسرائیل فلسطین) تنازعہ میں آنے والی شدت ناقابل برداشت ہے۔ تمام زندگیاں مقدس ہیں اور ان کا تحفظ ہونا چاہیے۔ قتل و غارت گری بند ہونی چاہیے۔ کئی خاندان ٹوٹ کر بکھر رہے ہیں۔ اس وقت یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ فوری طور پر غزہ کیلئے انسانی امداد کی اجازت دی جائے۔ وہاں کے لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہسپتال کے مناظر بھی دل دہلا دینے والے تھے، غزہ کے لوگوں کو خوراک، پانی اور دوائیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور معصوم لوگوں کے مزید قتل عام کو روکنے کیلئے اپنے کردار ادا کریں۔ بلآخر انسانیت کو غالب آنا چاہیے۔ سعودی گول کیپر راغد النجار نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کےلئے دعا کی ہے۔ سعودی فٹ بالر راغد النجار نے انسٹاگرام پر سٹیٹس اپ لوڈ کیا جس میں انہوں نے اہل غزہ کےساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے آسمان میں فرشتوں کے جھنڈ شہداءکی ارواح لے جانے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جا رہے ہیں۔ غزہ کا آسمان مشک کی خوش بو سے معطر ہے۔ ان کا دنیا میں امتحان ختم ہوگیا اور اللہ نے انہیں جنت میں بسانے کیلئے چن لیا۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نظر آنے والے مناظر انتہائی دردناک ہیں لیکن شہداءکو درد بالکل نہیں ہوا ہوگا یہ بات ہمارے محبوب نبی نے فرمائی ہے کہ قتل کے وقت شہید کو اتنی بھی تکلیف نہیں ہوتی جتنی چیونٹی کے کاٹنے سے ہوتی ہے۔ راغد النجار نے اس موقع پر شہداءکے بارے میں قرآن کی آیت کا بھی ذکر کیا کہ بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں، رزق پاتے ہیں۔ اللہ تعالی نے اپنے فضل سے جو کچھ انہیں عطا کیا وہ اس پر خوش ہیں۔ ہمارے فلسطینی شہداءجنت میں ہیں اور ان (اسرائیلیوں) کے مردار جہنم میں ڈالے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اے اللہ! وہاں زندہ بچ جانے والوں کی مدد و نصرت فرما۔



مزیدخبریں