ٓورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف طوفانی آغاز کرتےہوئے 15 اوورز کے اختتام پر بغیر کوئی وکٹ کھوئے 128 رنز بنا لیے ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بالرز کو آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن بالرز اپنے کپتان کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے اننگ کا آغاز کیا اور دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 12 ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی اس دوران ہی دونوں بیٹرز نے انفرادی نصف سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔ 15 اوورز کے اختتام تک کینگروز نے بغیر کسی نقصان کے 128 رنز بنا لیے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر 63 اور مچل مارش 56 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ دونوں اوپنرز میدان کے چاروں طرف کھل کر شاٹ کھیل رہے ہیں اور 7 چھکے اور 9 چوکے لگا چکے ہیں۔ آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور آؤٹ آف فارم نائب کپتان شاداب خان کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس سے قبل بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میچ میں اچھی بیٹنگ نہیں کر سکے مختلف کمبی نیشن آزمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج ہماری کوشش ہوگی کہ جلد وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا پر دباؤ بڑھائیں۔
ورلڈ کپ: آسٹریلوی اوپنرز کا طوفانی آغاز
Oct 20, 2023 | 15:40