سابق کرکٹرعاقب جاوید کا لاہورقلندرز کے ساتھ  سفر ختم

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کرکٹر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا فرنچائز کے ساتھ سفر ختم ہوگیا۔ لاہور قلندرز انتظامیہ کے مطابق عاقب جاوید کا یہ سفر پاکستان کرکٹ میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ختم ہوا۔ عاقب جاوید نے 8سال تک قلندرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ کے طور پر کامیابیاں حاصل کیں ۔ عاقب جاوید کی کوچنگ میں ٹیم نے 2020 سے 2023 کے درمیان 3 پی ایس ایل فائنلز کھیلے جن میں 2 مسلسل ٹائٹلز جیتے۔ عاقب جاوید کا لاہور قلندرز کے ساتھ تعلق انتہائی اہم رہا اور انہوں نے لاہور قلندرز کے ویژن کو آگے بڑھانے اور فرنچائز کے اہم پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کیلئے اہم کردار ادا کیا۔عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ میرا قلندرز کیساتھ وقت ایک ناقابل فراموش سفر رہا ہے جو یادگار لمحات اور اہم کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے۔ پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام جو میرے دل کے قریب رہا نوجوان ٹیلنٹ کو ترقی کرتے اور ابھرتے دیکھنا انتہائی اطمینان بخش رہا ۔فرنچائز کی میدان کے اندر اور باہر کامیابیوں میں حصہ ڈالنا ایک قابل فخر تجربہ تھا۔ شاندار 8سال کے بعد،مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اب قومی ٹیم کیساتھ نئے چیلنج کو قبول کرنے کا وقت آگیا ہے۔ میں پاکستان کرکٹ کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے پرجوش ہوں ۔ لاہور قلندر کے ثمین رانا کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید نے ہمارے ساتھ جو کامیابیاں حاصل کیں ان پر فخر ہے ۔

ای پیپر دی نیشن