لاہور(سپورٹس رپورٹر)سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے صوبے میں متوازی ہاکی ایسوسی ایشن بنانے والوں اور متوازی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں پر10 سال کی پابندی لگادی۔ایس او اے نے خط کے ذریعے حکومت سندھ کے محکمہ کھیل کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا، ایس او اے نے خط لکھنے کا فیصلہ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر میئر کراچی مرتضی وہاب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد کیا ۔سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اکبر قائم خانی نے ایس او اے کو متوازی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔خط میں کہا گیا کہ جیکب آباد ، حیدر آباد، جامشورو، شکار پور کے سرکاری افسران صوبے میں متوازی ہاکی ایسوسی ایشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، جیکب آباد کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن رمضان جمالی متوازی ایسوسی ایشن اور متوازی سرگرمیوں کے سربراہ کا کردار ادا کررہے ہیں۔