لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے رواں سال بجلی چوروں کیخلاف مختلف کارروائیوں میں 29373مقدمات درج کر کے 29711 ملزمان گرفتار کئے ہیں۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں بجلی چوری کے4470ملزمان ،صدرڈویژن میں 4759، کینٹ ڈویژن میں 8486، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 4691، سٹی ڈویژن میں 5552 اورسول لائنز ڈویژن میں 1753ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث عناصرکیخلاف بلا امتیازکارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے ڈویژنل افسران کو بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کو خود مانیٹر کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مقدمات کا بلا تاخیر اندراج یقینی بنایا جائے۔ پولیس افسران بجلی چوری کے مقدمات کے چالان جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
رواں سال بجلی چوروں کیخلاف 29373مقدمات‘29711ملزم گرفتار
Oct 20, 2024