شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پریس کلب شیخوپورہ کے صدر رانا عثمان ،سینئر نائب صدرعظیم علی شیخ اورامجد علی سلطانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مہنگائی سے ستائی مجبور عوام ای چالان کے نام پر انکی جیبوں پرڈاکہ ڈالاجارہا ہے۔سیف سٹی پراجیکٹ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کا جائزہ لینے کی خاطرشروع کیاگیامگراسے سیف سٹی انتظامیہ نے چالان کی مد میں پیسوں کی وصولی کا ذریعہ بنالیاہے اور ایک ایک موٹرسائیکل سوار کے درجن درجن چالان کاٹ دیئے گئے ہیں اور مضحکہ خیز امر ہے کہ بعض موٹرسائیکل چالانوں پردرج ہے کہ سیٹ بیلٹ نہیں پہنی اوربعض پر درج ہے گاڑی چلاتے وقت ہیلمنٹ نہیں پہن رکھا تھا جس کی وجہ سے چالان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جیبیں خالی کروانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کاغلط استعمال کیا جارہا ہے عوام سے پہلے ہی بجلی/گیس کے بل، پیٹرول اورروزآنہ کی بنیاد پر استعمال ہونیوالی اشیاء پربھاری ٹیکس وصول کیاجا رہا ہے اور اب رہی سہی کسرای چالان سسٹم نے نکال دی ہے۔