وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے خودگیپکو کانادہندہ نکلا

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )بجلی کے نادہندگان کیخلاف گیپکو کاساتھ دینے والاوفاقی تحقیقات ادارہ ایف آئی اے خودگیپکو کانادھندہ نکلا۔تین دفاترمیں لگے 4بجلی کے میٹرز کے ذمہ مجموعی طورپر ڈیڑھ کروڑ سے زائدکی رقم واجب الادا ہے۔تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت  وزارت توانائی کی طرف سے بجلی کے عادی اوربڑے نادھندگان سے ریکوری یقینی بنانے کیلئے ایف آئی اے کوگیپکو کی معاونت کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم ایف آئی اے کے تین دفاتر جن میںڈائریکٹر آفس ،سائبرکرائم،اولڈ ایف آئی اے آفس جلیل ٹائون میں لگے 4بجلی کے میٹرو ں میں سے ایک کے ذمہ 6790931روپے،دوسرے میٹر کے ذمہ 4954286تیسرے میٹر کے ذمہ1975522اورچوتھے میٹر کے ذمہ 316128کی رقم واجب الادا ہے۔مختلف حلقوںنے صورتحال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو کی طرف سے عام صارف محض 1ہزارکی عدم ادائیگی پرمیٹراتارلیاجاتا ہے ۔حالیہ عرصہ میںسینکڑوں صارفین کے میٹر بجلی صرف دو، دو، چارچار ہزارروپے کی عدم ادائیگی کی بنا پر اتارلیے گئے۔ اوربعدازاں انہیں مختلف دفاتر میں خوارکیاگیا جبکہ ایف آئی اے جووفاق کاادارہ اوربجلی نادہندگان سے ریکوری میںگیپکو کامعاون ہے اور وہ خود ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ نادھندہ ہے وفاقی حکومت کو اس معاملہ پربھی توجہ دینی چاہیے ۔یادرہے کہ کچھ عرصہ قبل اووربلنگ کی شکایات پرگیپکو کے متعددافسران کو ایف آئی اے نے حراست میں لے لیاتھا ۔جس کے بعد گیپکو کی طرف سے وفاقی تحقیقاتی ادارہ کوبجلی کی فراہمی معطل کردی گئی تھی جواگلے دوروزمیں بحال بھی کردی گئی تھی ۔

ای پیپر دی نیشن