گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہیں زندگی کی طرف واپس لانے کیلئے جو بھی ممکن ہوا کروں گا۔ ان کے خاندان (والدین اور بچوں)کو ان کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے نشے کے عادی افراد کی بحالی کے ادارے کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا اگر کوئی مالی وسائل کی وجہ سے علاج کرانے سے قاصرہے۔ اسے ضلعی انتظامیہ سول سوسائٹی کے تعاون سے درکار علاج مہیا کرے گی۔ اچھی زندگی ان کا بھی حق ہے۔ ایسے افراد کی کونسلنگ اور علاج کے لیے جامع پلان بھی تیار کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جہاں وہ دورہ کرتے ہیں اکثر روڈز اور فٹ پاتھ پر نشے کے عادی افراد پڑے نظر آتے ہیں جو کم از کم میرے لیے تکلیف دہ ہے۔ ایسے افراد کو معاشرے کارآمد شہری بنا کراپنا حصہ ڈالوں گا۔ منشیات کا استعمال ایک ناسور کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ میرے دفتر میں اس کی روک تھام کے حوالے سے حکومت پنجاب کی طرف سے تشکل دی گئی کمیٹی کو فعال کیا جائے گا۔