متاثرین جنگ کیلئے امدادی سامان لے کربیروت پہنچ گئے:ڈاکٹرحفیظ الرحمن

لاہور(نیوز رپورٹر)صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن اورنائب صدرائیرمارشل(ر)ارشدملک لبنان میں اسرائیل کی فضائی بمباری سے متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی سامان لے کربیروت پہنچ گئے۔ الخدمت نے اہل پاکستان کی جانب سے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے خوراک،کپڑے،بستراورمیڈیسن سمیت 100ٹن امدادی سامان متاثرین جنگ تک پہنچایا۔ صدر الخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے جامعہ اسلامیہ بیروت کے 11سکولز میں موجود 1400متاثرین سے ملاقات کی۔ متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقم فراہم کی اوراظہارہمدردی کرتے ہوئے اہل پاکستان کی جانب سے ہرممکن ریلیف کا یقین دلایا۔ صدر الخدمت نے سکولوں میں قائم عارضی ڈسپنسریوں کا دورہ کیا اور وہاں کی ضروریات کے پیش نظر فوری طورپرمتاثرین کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک جدید ایمبولینس بیروت سے خرید کررضاکاروں کے سربراہ ڈاکٹرفاؤزی کے سپردکی۔ ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہابے گھرافراد کی فوری ضروریات بستر،کمبل،خیمے،سلیپنگ بیگزاور تیارکھاناہے الخدمت فاؤنڈیشن نے اس سلسلے میں اقدامات کا آغازکردیا ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ پاکستانی عوام کی جانب سے بیروت میں جنگ سے متاثرہ خاندانوں کیلئے ریلیف آپریشن کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔ ہم نے حکومت پاکستان سے فوری طور پر 2طیارے امدادی سامان بیروت پہنچانے کی گزارش کی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن