لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی اپیل پر زندہ دلان لاہور کی جانب سے یحییٰ سنوار کا غائبانہ نمازجنازہ ادا کیاگیا۔ علماء مشائخ ونگ مرکزی مسلم لیگ لاہور کے کوآرڈینیٹر مولانا ادریس فاروقی نے پریس کلب کے باہر غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کرائی۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ لاہور سٹی کے صدر چوہدری معاذ اشتیاق، عمر فاروق گجر، حافظ نوید، عمر عبدالعزیز اور احمد یاسین سمیت ہزاروں شہریوں نے جنازہ میں شرکت کی اور یحییٰ سنوار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میڈیاسے گفتگو میںصدر سٹی صدر لاہور چوہدری معاذ اشتیاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا یحییٰ سنوار شہید نے حق اداکردیاہے۔ بیت المقدس کی آزادی کے مشن میں انکے خاندان کے درجنوں افرادشہادت پیش کرچکے ہیں۔ اسرائیل فلسطینیوں کے جذبہ شہادت کو شکست نہیں دے سکتا۔ صدر تحصیل شالیمار عمر فاروق گجر کا کہنا تھا اسرائیل آئے روزبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے۔جبکہ پوری دنیا میں اسے کوئی روکنے والا نہیں۔50 ہزار سے زائدشہری شہید ہو چکے۔ ہسپتال اور سکول تک محفوظ نہیں۔ اسماعیل ہنیہ کے بعد یحییٰ سنوار کی شہادت نے ایک بار پھر دنیا پر عیاں کیاہے کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ صدر تحصیل ماڈل ٹاؤن حافظ نوید نے کہا یہ یحییٰ سنوار کی شہادت امت مسلمہ کیلئے سوالیہ نشان ہے۔