یحییٰ سنوار کی موت سے امن کا عمل آسان ہوا، ٹرمپ: مزاحمت کا محور ختم نہیں ہو گا، خامنہ ای

Oct 20, 2024

نیویارک؍ تہران (نیٹ نیوز) ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی موت سے غزہ میں امن کے امکانات آسان اور بہتر ہو جائیں گے۔ سابق صدر نے انتخابی مہم کی تقریبات کے لیے ڈیٹرائٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میرے خیال میں اس سے یہ آسان ہو گیا ہے۔ وہ جلد ہی اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید جبکہ اسرائیلی رہنما کی اچھا کام کرنے پر تعریف کی۔ ٹرمپ نے کہا، "انہوں نے مجھے کال کی، میں نے ان سے بات نہیں کی، میں غالباً اب بات کرنے جا رہا ہوں، بائیڈن انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں غالباً اس کے برعکس کرنا چاہئے۔"تہران، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے‘ مزاحمت کا محور’ ختم نہیں ہو گا۔ یحییٰ سنوار نے 7 اکتوبر 2023ء کو دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، وہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی نمایاں علامت تھے۔ قائدین کی شہادت کے بعد بھی مزاحمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ یحییٰ السنوار اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں شہید ہو گئے۔ حماس کی تصدیق، خامنہ ای نے زور دیا کہ اگرچہ یحییٰ سنوار کی شہادت بلاشبہ حماس و مزاحمتی محاذ کیلئے بڑا دھچکا اور تکلیف دہ ہے مگر اہم شخصیات کھونے سے یہ محاذ آگے بڑھنے سے نہیں رکے گا۔ حماس زندہ ہے اور زندہ رہے گی، ہم ہمیشہ مزاحمت کاروں کے ساتھ رہیں گے۔

مزیدخبریں