لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے زائد العمر (اوور ایج) ہو جانے والے گریجوایٹ کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز کی کیرئیر گروتھ کیلئے ایک اور احسن اقدام کیا جس کے تحت پی کیڈٹ سکیم کے تحت پبلک سروس کمیشن کا امتحان نہ دے سکنے والے زائد العمر افسروں کی عمر کی حد میں 5 سال کی رعایت مل گئی۔ سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کی سیٹوں کے امتحان کے لئے عمر میں رعایت کی حد 35 سال سے بڑھا کر 40 سال کر دی گئی۔ کرونا وبا و دیگر عوامل کی وجہ سے اوور ایج ہونے والے ہزاروں کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز فیصلے سے مستفید ہوں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ عمر کی حد میں اضافے سے ایک ہزار سے زائد کانسٹیبلز و ہیڈ کانسٹیبلز ایس آئی اور اے ایس آئی سیٹوں کیلئے کوالیفائی کر سکیں گے۔ کانسٹیبلری کی بڑی تعداد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے رابطہ کر کے مسئلے کی نشاندہی کی تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے متاثرہ پولیس ملازمین کو ریلیف دینے کے لئے سمری کیبنٹ کمیٹی کو ارسال کی۔ کیبنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد پی پی ایس سی امتحان کے لئے زائد العمر کانسٹیبلری کی عمر کی حد صرف ایک بار کے لئے 40 سال کر دی گئی۔