یونان نے اسرائیل کیلئے لائے جانے والے ہتھیار روک لیے

ایتھنز(این این آئی)یونانی بندرگاہ پر کام کرنے والے مزدوروں کی یونین نے ایک جہاز کے ذریعے لے جایا جانے والا اسلحہ روک دیا ہے۔ ان ہتھیاروں کو اسرائیل لے کر جانے کی کوشش تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان بندر گاہی کارکنوں کی یونین کا کہنا تھا کہ اس ہتھیاروں سے لدے جہاز کو غزہ میں اسرائیلی جنگ کے خلاف بطور احتجاج روکا گیا ہے۔ یہ اسلحہ بردار جہاز جمعرات کے روز یونان میں پیرو کی بندر گاہ پہنچا ہے۔ اس پر 21 ٹن وزنی اسلحہ لادا گیا تھا۔ جسے اسرائیل پہنچانا مقصود تھا۔بندر گاہ کے کارکنوں کی یونین نے کہاکہ یہ وقت ہے کہ ہم یہ باآواز بلند کہیں کہ پیرو کی بندر گاہ کو غزہ جنگ کا حصہ نہیں بننے دیا جائے گا، ہم امن کے لیے لڑ رہے ہیں اور اس لیے ہم یونان کو جنگ میں شامل نہیں ہونے دیں گے۔ اسی طرح مزدور یونین کی طرف سے فیس بک پیج پر بھی تصاویر اپلوڈ کی گئی ہیں جن پر لکھا تھا قاتل اسرائیل نکل جائو، قاتل اسرائیل نکل جائو۔

ای پیپر دی نیشن