پشاور(بیورو رپورٹ)خیبرپی کے میں ڈینگی وائرس بڑی تیزی کے ساتھ وبائی صورتحال کی جانب بڑھ رہا ہے گذشتہ روز بھی 85افراد میں بیماری کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبہ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2ہزار429 ہو گئی ہے دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوں اور صحت مراکز پر ڈینگی کے مریضوں کیلئے علیحدہ انتظامات نہیں کئے گئے اور ڈینگی کے مریضوں کو عام مریضوں کیساتھ میڈیکل وارڈز میں داخل کرایا جارہا ہے جس کی وجہ سے طبی عملے کو بھی جانی خطرات لاحق ہیں محکمہ صحت سے جاری رپورٹ کے مطابق ڈینگی کے377 مریض صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اس وقت سب سے زیادہ کیس پشاور میں 781 رپورٹ ہوئے ہیں دوسرے نمبر پر 202 کیس مانسہرہ سے رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 195 افراد ایبٹ آباد میں ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں تاہم نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضو ں کا ڈیٹا محکمہ صحت کی رپورٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔