فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ 94 گ ب میں 3 روز قبل لاہور پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے زخمی ایک کے بعد دوسرا شہری بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اقبال ٹائون لاہور کے اے ایس آئی رفاقت اور اس کے ساتھی کانسٹیبل نے 3 روز قبل تھانہ صدر کے علاقہ 94 گ ب میں متعلقہ پولیس کو بغیر اطلاع کیئے ریڈ کیا جہاں پر دوران مزاحمت پولیس اہلکاروں نے 2 افراد کو گولیاں مار دیں جس کے بعد لاہور پولیس کے اہلکار دونوں زخمیوں اور اپنی پرائیویٹ گاڑی بھی چھوڑ کر فرار ہو گئے تو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر دوران علاج معالجہ گذشتہ روز سلیم نامی زخمی جبکہ آج اس کا ساتھی شبیر بھی دم توڑ گیا، جس کی نعش کو پوسٹمارٹم کے لئے مارچری یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ بعد میں اس اے ایس آئی نے اپنی مدعیت میں فائرنگ سے زخمی افراد کے خلاف تھانہ صدر جڑانوالہ میں اقدام قتل سمیت صدر پولیس نے مقدمہ درج کرایا۔ جس میں دونوں زخمیوں کو اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنا ظاہر کیا گیا ہے۔ فیصل آباد پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد ڈیڈ باڈی دینے سے انکار کر دیا جس کے خلاف مقتول کے ورثاء نے چوک اکبر آباد کو بند کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔
جڑانوالہ، لاہور پولیس کی فائرنگ سے زخمی 2 شہری جاں بحق، ورثاء کا احتجاج، روڈ بلاک
Oct 20, 2024