کوالالمپور (نوائے وقت رپورٹ) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پر جاری بیان میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کے ایک مجاہد اور محافظ، یحییٰ سنوار کی شہادت پر غمزدہ ہے، جنہیں ظالم صیہونی حکومت نے بے دردی سے شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر بین الاقوامی برادری امن اور انصاف کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے، جس سے تنازع کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ ملائیشیا اس قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ثابت ہو چکا ہے کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہدکو کمزور کرنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ ملائیشیا زور دیتا ہے فلسطینی عوام کے مسلسل قتل و غارت کو فوری طور پر روکا جائے۔
یحییٰ سنوار کی شہادت پر افسوس‘ اسرائیلی اقدام قابل مذمت: انور ابراہیم
Oct 20, 2024