اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے سرکاری دورے کے دوران نیدرلینڈز کی ملٹری اور نیول لیڈر شپ سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے وزارت دفاع میں ملٹری اور نیول لیڈرشپ سے مشترکہ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نیول چیف نے مشقوں اور تربیتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ نیدر لینڈز کے ڈپٹی چیف آف ڈیفنس، وائس ایڈمرل بوڈیوجن بوٹس(Vice Admiral Boudewijin Boots ) نے مختلف شعبوں میں مضبوط دوطرفہ فوجی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے رائل نیدرلینڈز نیوی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا اور کمانڈر رائل نیدرلینڈز نیوی، وائس ایڈمرل رینے تاس (Vice Admiral René Tas) سے ملاقات کی۔ بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
سربراہ بحریہ کی نیدر لینڈ کی ملٹری، نیول قیادت سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
Oct 20, 2024