بلوچستان کے نوجوان ملکی دفاع میں کردار ادا کریں‘ کیڈٹس کی گفتگو

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج ملک کے طول و عرض سے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں پر مشتمل ایک منظم فوج ہے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہونے والے نوجوان افسران میں شہداء غازیان اور پاکستان کے دور دراز  علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی شامل ہیں۔ پاک فوج میں کمیشن حاصل کرنے والے ایک شہید کے بیٹے کمپنی سینئر انڈر افسر محمد عدنان نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد شہید حوالدار محمد نوید نے 2016ء میں لائن آف کنٹرول پر اپنی جان ملک کے دفاع کے لیے قربان کی۔ میرے والد کی شہادت کے وقت میری عمر محض 13 سال تھی، مگر میں نے تہیہ کیا کہ میں بھی پاکستان فوج میں شمولیت اختیار کر کے اپنے ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ کیڈٹ عدنان کا کہنا تھا کہ میں شہداء کے بچوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ بھی محنت کریں اور ملک کی بہتری اور اس کے دفاع میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ، حسنین موسیٰ خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرا قبائلی نوجوانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ آگے بڑھیں، محنت کریں، اور پاکستان  آرمی میں شامل ہو کر اپنے وطن کی خدمت کریں۔ آپ کا کردار دفاع وطن میں نہایت اہم ہے۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے والے بٹالین کوارٹر ماسٹر سارجنٹ محمد اسود نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے والد ایک سرکاری ملازم تھے اور میں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی۔ کیڈٹ محمد اسود کا کہنا تھا کہ ملٹری کالج سوئی سے پانچ سالہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد میں نے 150پی ایم اے لانگ میں شمولیت اختیار کی۔ میرا بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ آئیں آگے بڑھیں اور ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سبطین عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے والد صاحب پاک فوج سے  صوبیدار ریٹائرڈ ہیں۔ میں نے اپنی میٹریکولیشن اور ایف ایس سی ملٹری کالج سوئی بلوچستان سے مکمل کی ہے۔ دو سال کی انتھک محنت لگن اور مشکل ترین ٹرینگ حاصل کرنے کے بعد میں نے اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کر لی ہے اور مجھے بے حد خوشی اور فخر ہے۔ کیڈٹ سبطین عباس کا کہنا تھا کہ میرا پاکستان کی نوجوان نسل خاص طور پر  دور دراز کے علاقوں کے نوجوانوں کے لیے یہی پیغام ہے کہ محنت اور ہمت نہ چھوڑیں، اللہ خود راستے بنائے گا۔

ای پیپر دی نیشن